بٹ کوائن ڈکیتی سکینڈل: سی ٹی ڈی انچارج عہدے سے برطرف
File Photo
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈیجیٹل ڈکیتی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجا عمر خطاب اور سی پیک کے ڈی ایس پی فرخ کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اس سنگین صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے دونوں افسران کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا اور ان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں ایک اہم بٹ کوائن ڈکیتی کیس میں موبائل فونز کے ذریعے اغوا اور رقوم کی منتقلی کی گئی۔ ماضی میں بھی شارٹ ٹرم اغوا کے کیسز میں سی ٹی ڈی کے افسران کے ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہر میں آن لائن فراڈ کرنے والے نیٹ ورکس کو مبینہ طور پر سی ٹی ڈی افسران کی حمایت حاصل تھی، مختلف علاقوں میں قائم جعلی کال سینٹرز سے باقاعدہ بھتہ وصول کیا جاتا رہا۔

انسداد جرائم سیل (اے وی سی سی) نے حالیہ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 25 دسمبر کو منگھوپیر سے کرپٹو کرنسی کے تاجر ارسلان کو اغوا کیا اور پولیس موبائل میں صدر لے جا کر اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرائے۔

بعدازاں مغوی کو مزار قائد کے قریب چھوڑ دیا گیا۔ حکام نے اغوا برائے تاوان اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

آئی جی سندھ کے مطابق ایسے واقعات میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پولیس فورس میں شفافیت اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنا ہے۔