نادرا نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فیس کا اعلان کردیا
NADRA Family Registration Certificate
نادرا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کے حصول کیلئے فیس کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف آر سی ایک اہم دستاویز ہے جو خاندان کے تمام افراد کی تفصیلات پر مشتمل ہوتی ہے اور شہریوں کو ان کے ریکارڈ کی تصدیق کے بعد 3 مختلف زمروں میں جاری کی جاتی ہے:

پیدائش کے لحاظ سے:

اس میں والدین اور بہن بھائیوں کی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔

شادی کے لحاظ سے:

اس میں شریکِ حیات اور بچوں کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔

قبولیت (ایڈاپشن):

اس میں سرپرست کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔

نادرا کے مطابق اگر کوئی فرد نادرا میں رجسٹرڈ نہیں ہے یا اس کے پاس 13 ہندسوں والا شناختی کارڈ موجود نہیں ہے، تو اس کا ڈیٹا ایف آر سی میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔

ایف آر سی کہاں سے حاصل کریں؟

شہری نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر جا کر یا نادرا کی پاک آئیڈینٹٹی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اپنے متعلقہ ملک میں موجود پاکستانی مشن کے دفاتر سے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

فیس کتنی ہے؟

نادرا نے اعلان کیا ہے کہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فیس 1000 روپے مقرر ہے اور جنوری 2025 میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ یہ دستاویز شہریوں کیلئے سرکاری امور، ویزا درخواستوں اور دیگر قانونی مقاصد کیلئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بروقت اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔