
ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت سے ملکی معیشت میں مضبوطی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سول نافرمانی کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹے وعدوں اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں، وہ اپنے وطن کے لئے ایک نیا عزم اور لگن کے ساتھ پیسے بھیج کر معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جھوٹ اور فراڈ کی کالز عوام کی خوشحالی اور معیشت کیلئے کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتیں۔
انہوں نے 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے مجرم اور ملک کو تباہ کرنے والے چور کو کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، کیونکہ ان کی کارروائیوں نے ملکی ترقی اور معیشت کو نقصان پہنچایا تھا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت مہنگائی کی رفتار کو 38 فیصد سے کم کر کے 4 فیصد تک لائی اور پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے کم کر کے 13 فیصد تک لے آئی، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کو سراہا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔