بے نظیر کسان کارڈ کا اجرا؟
Kisan Card
کوئٹہ:(ویب ڈیسک)بلوچستان حکومت نے زراعت کی ترقی اور کسانوں کی بہبود کیلئے بے نظیر کسان کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محکمہ زراعت کی پیش کردہ سمری پر بے نظیر کسان کارڈ کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبے کے چھوٹے زمینداروں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، جس سے زراعت کے شعبے میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔اس منصوبے کے پہلے مرحلے کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بے نظیر کسان کارڈ منصوبے کیلئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی 2 سال کیلئے کلاؤڈ سسٹم قائم کرے گا، جو منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کسان کارڈ کا پہلا مرحلہ بلوچستان حکومت اپنے وسائل سے شروع کرے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں وفاقی حکومت سے مدد حاصل کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یہ اقدام زراعت کے شعبے میں جدیدیت لانے اور چھوٹے کسانوں کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ بلوچستان جو زراعت کے شعبے میں کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس منصوبے کے ذریعے زراعت کی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کی زندگیوں میں بہتری کی امید کر رہا ہے۔

حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو کسانوں اور ماہرین زراعت کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور زراعت کے شعبے میں نئی راہیں کھولنے کا باعث بن سکتا ہے۔