حکومت کو ملاقات کی اتنی جلدی کیا تھی؟ ڈاکٹر بابر اعوان

December, 24 2024
اسلام آباد:(سنو نیوز)پی ٹی آئی رہنما و قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان کہتے ہیں کل مذاکرات نہیں صرف ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی کی قائم کمیٹی کے سب لوگ تھے ہی نہیں، عوام پریشان ہیں کہ انہیں ملاقات کی اتنی کیا جلدی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں آڈیو ویڈیو لیک پر مقدمات بن رہے ہیں، یہ آڈیو ویڈیو لیک ہوکر چیف جسٹس کے گھر تک پہنچ گئی۔ ملٹری ٹرائل کے بعد امریکا برطانیہ بھی بول رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا نہ وہ ملک سے باہر جائے گا، پاکستان میں استحکام صرف ایک طریقے سے آئے گا کہ انصاف ہو۔
بابر اعوان نے کہا کہ یہ بے شرم ہیں جو کہتے ہیں لاشیں نکالو اور دکھاؤ، کڑیل جوانوں کی لاشیں گھروں کو پہنچی ہیں، پاکستان میں پتہ نہیں چلتا کہ ویڈیو کس نے بنائی؟ استغاثہ کہتا ہے ہمارے پاس عمر ایوب کی آڈیو ہے، ہم نے کہا آڈیو ریکارڈ کرنے والے فون ٹیپ کرنے والے کا نام اور عہدہ بھی بتایا جائے،ہم نے عدالت سے سی سی ٹی وی فوٹیجز فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ختم ہوگئی ہیں، تو پھر25 لوگوں کو سزا کیسے ہوئی؟ بیگناہوں کو سزا پر پوری دنیا بول رہی ہے۔ کل مذاکرات نہیں صر ف ملا قات ہوئی انہیں چاہیے تھا پہلے اپنی میٹنگ تو کر لیتے، جو لوگ ہمارے لوگوں کے قتل عام میں ملوث ہیں ان کو سامنے لایا جائے، جس پر چودہ ارب کا الزام تھا اس کو نیب کی تحویل میں پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب آٹھ نئے مقدمات میں ضمانت کے لئے پشاور ہائیکورٹ میں ہے۔ شہباز شریف کی کتنی ہمت ہے، مہنگا سوٹ پہن کر قرض مانگنے چلے جاتےہیں، حالانکہ ان کی اپنی جائیدایں انہی ممالک میں ہیں،اتنا مہنگا سوٹ امریکا برطانیہ کا صدر نہیں پہنتا جو ہمارا وزیر اعظم پہن کر قرضہ مانگتا ہے۔