بارش اور برفباری کی پیشگوئی
November, 30 2024
اسلام آباد:(سنو نیوز) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم رات کے وقت ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان ہے۔
پنجاب:
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ صبح کے اوقات میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، رحیم یار خان اور دیگر شہروں میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار، ملتان، ڈی جی خان اور مری کے علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا:
خیبرپختونخوا کے وزیرستان، کوہاٹ، کرم، سوات، مالاکنڈ، اور مانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
سندھ:
سندھ میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ صبح کے اوقات میں کشمور، سکھر، اور جیکب آباد میں دھند اور سموگ کی توقع ہے۔
بلوچستان:
بلوچستان کے سبی، قلعہ عبداللہ، خضدار، کوئٹہ، زیارت، پشین اور ژوب میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان:
کشمیر اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
آج کے درجہ حرارت:
• لہہ: کم سے کم -7 ڈگری
• اسکردو: کم سے کم -6 ڈگری
• اسلام آباد: 7/24 ڈگری
• لاہور: 11/25 ڈگری
• کراچی: 20/32 ڈگری
• کوئٹہ: 5/19 ڈگری
• مظفر آباد: 7/19 ڈگری
اہم ہدایات:
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دھند اور سموگ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پہاڑی علاقوں کے رہائشی اور سیاح بارش اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔