تفصیلات کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حدوں کو چھوتے ہوئے 800 سے 290 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اوسطاً 290 رہا،جو کہ انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں اسموگ کی سنگین صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب نے زندگی کو معمول پر لانے کے اقدامات جاری رکھے ہیں۔تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور تعمیراتی سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب زگ زیگ ٹیکنالوجی پر مبنی بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے،جبکہ سرکاری و نجی دفاتر 100 فیصد عملے کے ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دکانوں اور مارکیٹوں کیلئے رات 8 بجے بندش کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، ریسٹورینٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک محدود ہے، تاہم باربی کیو کیلئؕے ہوڈ سسٹم کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔
ٹریفک کے حوالے سے بھی نرمی کی گئی ہے، پیر سے جمعرات تک بھاری گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی،مگر جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور دیگر اضلاع میں موجود بادل برسنے کے امکانات کے بغیر ہی گزر رہے ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔