پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی ختم
File photo
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے یورپ کے فضائی راستے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے اعلان کیا کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔

خواجہ آصف نے اس اہم کامیابی کو وزارت ہوابازی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی مسلسل محنت اور بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم (ICAO)  کے حفاظتی معیارات پر پورا اترنے کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخی ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پابندی کے خاتمے سے نہ صرف پی آئی اے کے آپریشنز میں بہتری آئے گی بلکہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے، اور امید ظاہر کی کہ برطانیہ اور دیگر ممالک بھی جلد ہی پابندیاں ختم کر دیں گے۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کو 30 جون 2020 کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دیں۔ تاہم عارضی اجازت کے تحت پی آئی اے کو 3 جولائی 2020 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پابندی کے خاتمے سے نہ صرف پی آئی اے کے یورپی روٹس بحال ہوں گے بلکہ بین الاقوامی سطح پر قومی ایئرلائن کی ساکھ کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں یہ کامیابی ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی فروغ دے گی۔