ویڈیو بنانے پر معروف ٹک ٹاکر گرفتار، حوالات میں بند
مانسہرہ: (سنو نیوز) مانسہرہ میں معروف ٹک ٹاکر حسن ارشاد کو تھانے میں ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف ٹک ٹاکرز حسن ارشاد اور سعد نے تھانہ لساں نواب کی جیل میں ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر اپلوڈ کی جس پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری طور پر نوٹس لے لیا۔

ڈی پی اور مانسہرہ نے پولیس کو ویڈیو اپلوڈ کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے احکامات دیئے جس پر تھانہ لساں نواب پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان حسن اور سعد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

پولیس اہلکاران کی لا پرواہی اور کوتاہی پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی جانب سے سخت محکمانہ سزائیں بھی دی گئیں جس میں تھانہ لسان نواب کے ہیڈ محرر، مدد محرر اور سنٹری ڈیوٹی والے کانسٹیبل کو معطل کر دیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ لساں نواب کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ سرکاری عمارات میں اس طرح کی ویڈیو بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اس عمل میں شامل تمام افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔