وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب اور قطر کے بعد کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان سے آئی ٹی شعبے سے منسلک لاکھوں افراد کو طلب کیا ہے، سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے دوستانہ گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور پھر ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات میں مزید تفصیل سے بات چیت ہوئی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے واضح طور پر کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی افرادی قوت کی ضرورت ہے اور آئندہ برسوں میں مزید افراد کو بھی متوقع طور پر طلب کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک قائم کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری ٹیم نے مختلف شعبوں جیسے سولر، مائنز اینڈ منرل اور زراعت کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی ہے، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایک سے 2 دن میں پاکستان کا ایک وفد سعودی عرب روانہ ہوگا تاکہ مزید مذاکرات کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر کے دورے کے دوران امیر قطر سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں ماضی میں کی گئی 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی پر تیزی سے عملدرآمد کرنے پر بات ہوئی، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ایک ٹیم اپنے چیئرمین کی قیادت میں رواں ماہ پاکستان آئے گی جو کہ مائنز اینڈ منرل اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بات چیت کرے گی۔
واضح رہے کہ حکومت کا یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔