پاکستانی سفارتخانوں میں اربوں کی مہنگی گاڑیاں
Pakistani Embassies
اسلام آباد:(رپورٹ، سمیرا راجا) دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں اربوں روپے کی 264 لگژری گاڑیاں زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سنو انویسٹیگیشن سیل کی جانب سے حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق حکومت کی جانب سے دنیا بھر کے 93 ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور 33 قونصل خانوں کے دفاتر میں دنیا کی مہنگی ترین گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ان گاڑیوں میں 46 بی ایم ڈبلیو،46 مرسڈیز،21 لینڈ کروزر،9 فارچونرز،10 سے زائد پراڈو اور 6 اوڈی گاڑیاں شامل ہیں۔

جبکہ قونصل خانوں میں 8 مرسڈیز، 8 لینڈ کروزرز، 8 بی ایم ڈبلیو، 4 فارچون اور 2 پراڈو سمیت ایک اوڈی گاڑی بھی زیر استعمال ہے۔ان گاڑیوں کی مینٹیننس اور پٹرول کی مد میں ہر ماہ کروڑوں روپے کے اخراجات ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ مہنگی گاڑیاں سعودی عرب میں پاکستانی قونصلیٹ جدہ کے زیر استعمال ہیں جہاں 11 مہنگی ترین گاڑیاں موجود ہیں،جن میں 2 مرسڈیز،ایک بی ایم ڈبلیو،لینڈ کروزر اور فارچون بھی شامل ہیں۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے سفارتخانے میں بھی دنیا کی مہنگی ترین 6 گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔

دستاویزات میں لندن کے پاکستانی سفارتخانے کا ذکر بھی شامل ہے،جہاں 8 مہنگی ترین گاڑیاں موجود ہیں۔جن میں 6 مرسڈیز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 لینڈ کروزر سمیت 7 گاڑیاں اور نیویارک کے قونصل خانے میں 4 بی ایم ڈبلیو سمیت 8 گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔

واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں بھی 1 بی ایم ڈبلیو سمیت 7 مہنگی گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔