جائیداد کا تنازعہ، بیٹے نے باپ کو سانپ سے ڈسوا دیا
Affected person
(وسیم بخاری) دنیا کی حوس نے خون کو سفید سے سفاک بنا ڈالا، بہاولپور کی تحصیل حاصل پو ر میں بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر باپ کو عبرتناک سزا دے دی۔

حاصل پور کے نواحی علاقے 71 فتح میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جائیداد کے لالچ میں بیٹے نے سنگین اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے ہی والد کو چارپائی پر باندھ کر سانپ سے ڈسوا دیا، ملزم نے متعدد بار باپ کو سانپ سے ڈسوایا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ باپ کو سانپ کے کاٹنے سے حالت غیر ہونے پر بیٹا موقع سے فرار ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ باپ اور بیٹے کے درمیان جائیداد کے تنازعے پر جھگڑا ہوا جس کے بعد بیٹے نے یہ سنگین قدم اٹھایا۔

پولیس نے ملزم کی گرفتاری کا تحرک شروع کر دیا ہے جبکہ متاثرہ شخص کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور میں علاج جاری ہے۔