
وزارت ہاؤسنگ نے اس ضمن میں رینٹل سیلنگ میں اضافے کا فارمولا فنانس ڈویژن کو منظوری کے لیے بھیج دیا ہے، فنانس ڈویژن کی رائے موصول ہونے کے بعد وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات حتمی منظوری کے لیے سمری وزیر اعظم کو بھیجے گی۔
تجویز کردہ فارمولے کے مطابق گریڈ ایک سے 10 تک کے ملازمین کی رینٹل سیلنگ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے گا، گریڈ 11 سے 16 تک کے ملازمین کی سیلنگ میں 75 فیصد اضافہ اور گریڈ 17 سے 22 تک کے افسروں کی سیلنگ میں 50 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ ایک اور 2 کے اسلام آباد کے ملازمین کے لیے ماہانہ رینٹل سیلنگ 14,058 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 13,182 روپے تجویز کی گئی ہے، گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد میں سیلنگ 21,960 روپے جبکہ دیگر شہروں کے لیے 19,308 روپے رکھی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 7 سے 10 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد کی سیلنگ 28,705 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 25,693 روپے تجویز کی گئی ہے، گریڈ 11 سے 13 تک کے لیے اسلام آباد میں سیلنگ 43,302 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 37,558 روپے جبکہ گریڈ 14 سے 16 کے لیے اسلام آباد کی سیلنگ 54,399 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 47,884 روپے تجویز کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گریڈ 17 اور 18 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد کی سیلنگ 61,720 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 53,847 روپے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ اقدام وفاقی ملازمین کی معاشی حالت میں بہتری لانے اور ان کی زندگی کی معیاری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، اس کی حتمی منظوری ملازمین کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔