ایم ڈی کیٹ امتحان کے کامیاب طلبہ کو ایف آئی اے کی طلبی کا سامنا

October, 29 2024
کراچی:(ویب ڈیسک) ایم ڈی کیٹ امتحان میں اعلیٰ نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ ایک نئے مسئلے میں پھنس گئے ہیں، جب کہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے انہیں طلب کرلیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 97 فیصد نمبر لینے والے طلبہ کو یکم نومبر کو دوپہر 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ طلبی ان شکوک و شبہات کے پس منظر میں کی گئی ہے کہ طلبہ ممکنہ طور پر پرچے کے لیک ہونے میں ملوث ہیں۔
نوٹس میں وضاحت کی گئی ہے کہ اتنے زیادہ نمبروں کا حصول عملی طور پر ممکن نہیں، جس کی بنا پر ان طلبہ پر پرچے کے افشاء کے بارے میں معلومات رکھنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شفاف تحقیقات کے لئے طلبہ کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے، اور انہیں سائبر کرائم کے دفتر میں فرضی امتحان بھی دینا پڑ سکتا ہے۔
سائبر کرائم کے حکام نے واضح کیا ہے کہ جو بھی شواہد ملیں گے، ان کی بنیاد پر پرچے کے لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسی دوران، سندھ ہائیکورٹ کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے دوبارہ انعقاد کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانی پرچے میں شامل سوالات نصاب کے مطابق نہیں تھے، لہذا شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایک ماہ کے اندر دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہائیکورٹ نے یہ بھی کہا کہ امیدواروں سے 8 ہزار روپے کی فیس پہلے ہی وصول کی جاچکی ہے، اس لیے دوبارہ امتحان کے لئے کسی اضافی فیس کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
یہ صورتحال طلبہ کے لئے ایک نیا چیلنج پیش کر رہی ہے، جنہیں پہلے ہی امتحان کی تیاریوں میں سخت محنت کرنا پڑی تھی، اور اب انہیں قانونی پیچیدگیوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔