عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے بعد دوبارہ کمی کا سلسلہ جاری ہے، لندن برینٹ آئل کی قیمت 4.50 فیصد کی بڑی کمی کے ساتھ 73 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے گر گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں اب لندن برینٹ آئل کی قمیت 72 ڈالر 53 سینٹس فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل بھی 3.62 فیصد کی کمی کے بعد 68.61 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا ہے۔
ہفتے کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس نے عالمی منڈی میں ہلچل اور ایک نئی تبدیلی کا اشارہ دیا، یہ تبدیلی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہونے کا امکان رکھتی ہے کیونکہ یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے ان کی قیمتوں میں 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پچھلے 15 دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتوں میں بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے، اگر موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کو مدنظر رکھا جائے تو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی کمی ممکن ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط قیمت 77.5 ڈالرسے کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل ہے، اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 86.5 ڈالر سے کم ہوکر 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔
موجودہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا ہے، اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کے ایکس ڈپو نرخ 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہیں۔