جنوبی افریقاسے کیا غلطی ہوئی ؟سابق کپتان نے بتادیا

July, 1 2024
لاہور :(ویب ڈیسک )جیت کے انتہائی قریب پہنچ کر چوک کرجانے والے جنوبی افریقا سے فائنل میںکیا غلطی ہوئی، سابق قومی کپتان سلمان بٹ نے نشاندہی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان کاکہنا تھا ہدف کے تعاقب کے دوران جب کلاسن کریز پر موجود تھا تو جنوبی افریقہ بلاشبہ میچ جیت رہا تھا۔
اس نے ناقابل یقین بیٹنگ کر کے ہر ایک کو حیران اور پریشان کر رکھا تھا ،اس کے بلے سے ہر دوسری گیند پر لگنے والا چھکا کافی سارے لوگوں کی سانسیں روکنے کا باعث بن رہا تھا۔
سلمان بٹ کے مطابق جیسے ہی کلاسن آؤٹ ہوا تو جنوبی افریقانے اپنا موڈ چینج کر دیا ، فائنل ہارنے کی بڑی وجہ جنوبی افریقہ کی بڑے میچ کھیلنے کے تجربے کی کمی بھی تھی۔
ایسے موقع پر جب 30 گیندوں پر اتنے ہی رنز درکار ہوں تو پھر آرام سے کھیلنا چاہیے، رنز تو مخالف ٹیم خود ہی دے دیتی ہے۔
انہوں نے ایک اور بڑی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کلاسن کے آؤٹ ہونے کے بعد رباڈا کو بھیجنے کے بجائے مہاراج کو بھیجنا بھی پروٹیز کی بہت بڑی غلطی تھی۔
واضح رہے کہ 29 جون کو بارباڈوس میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا جو بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت لیا۔
ایک موقع پر جنوبی افریقہ کو 30 گیندوں پر 30 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں تاہم اس موقع پر کلاسن کے آؤٹ ہوتے ہی پروٹیز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور ایک بار پھر چوک کرتے ہوئے جیتا ہوا میچ صرف 7 رنز سے ہار گئے۔