محسن نقوی کا علی امین سے رابطہ، احتجاج موخر کرنے کی اپیل
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi contacted Khyber Pakhtunkhwa Chief Minister Ali Amin Gandapur
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اسلام آباد ڈی چوک میں احتجاج موخر کرنے کی اپیل کر دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں کل اسلام آباد ڈی چوک کے احتجاج پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فوری بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی شرط سامنے رکھی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج موخر کرنے کی درخواست کی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے تمام عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے وکلا اور ڈاکٹروں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی تو وہ 15 اکتوبر کو ہر قیمت پر اسلام آباد پہنچیں۔

پارٹی کے پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر نے ایک ویڈیو پیغام میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد نہ پہنچنے والے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں سے ان کی مراعات اور عہدے چھین لیے جائیں گے، مزید کہا کہ وہ اپنی جان کو لاحق خطرات کے باوجود پُرامن احتجاج کی قیادت خود کریں گے۔