'نئے چیف جسٹس کا اعلان موجودہ چیف جسٹس کی رخصتی کیساتھ ہوجائیگا'
Pakistan Muslim League-N Senator Irfan Siddiqui
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کا اعلان موجودہ چیف جسٹس کی رخصتی کیساتھ ہی ہوجائے گا۔

لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، آئینی ترامیم پر کوئی عجلت نہیں ہوئی، یہ معاملہ کم از کم دو تین مہینے سے زیر بحث ہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ وکلا نے آئینی ترامیم کے حوالے سے تجاویز دی ہیں، ہم نے وکلا کی تجاویز لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں، 18 ویں ترمیم کے لیے 9 ماہ لگے، ججوں کی تقریری سے متعلق 18 ویں ترمیم کے اندر پورا اسٹریکچر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کسی ایک شخصیت کیلئے نہیں ہو رہی، آئینی ترمیم اصولی اور نظریاتی ہے، جن جماعتوں کے درمیان اتفاق کے امکانات تھے ان میں اتفاق ہو چکا، کل کی میٹنگ بڑی نتیجہ خیز تھی، میٹنگ میں مولانا، حکومت اور پیپلز پارٹی کے مسودے سامنے آئے، تینوں مسودے میں کوئی زیادہ تصادم نہیں چھوٹی موٹی تراش خراش ہونی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بالکل اسٹیک ہولڈر ہے لیکن اس چیز کو سنجیدہ نہیں لے رہی،پی ٹی آئی تینوں مسودے سامنے رکھے اور اپنی بھی تجاویز دیں۔