انٹرویو کی کامیابی کا دارومدار صرف آپ کی تعلیمی قابلیت یا تجربے پر ہی نہیں ہوتا بلکہ آپ کی تیاری،اعتماد اور پیشہ ورانہ رویے پر بھی ہوتا ہے۔آج کے اس مضمون میں ہم کچھ اہم مشورے پیش کریں گے جن کی مدد سے آپ اپنے جاب انٹرویو میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
1. پہلے سے تحقیق
جاب انٹرویو میں جانے سے پہلے آپ کیلئے ضروری ہے کہ آپ اس کمپنی اور جاب پوزیشن کے بارے میں تفصیلی تحقیق کریں جس کیلئے آپ نے اپلائی کیا ہے۔کمپنی کی ویب سائٹ، سوشل میڈیا پروفائلز اور دیگر دستیاب ذرائع سے کمپنی کے مشن، ویژن، اور کام کے بارے میں جان لیں۔ یہ جاننا بھی اہم ہے کہ کمپنی کی حالیہ کامیابیاں اور چیلنجز کیا ہیں تاکہ آپ انٹرویو میں بہتر گفتگو کر سکیں۔
یہ آپ کو انٹرویو میں زیادہ پُراعتماد بناتا ہے کیونکہ آپ کو کمپنی کے بارے میں معلومات ہوتی ہیں۔آپ انٹرویو کے دوران بہتر سوالات پوچھ سکتے ہیں اور اپنا دلچسپی ظاہر کر سکتے ہیں۔آپ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو اس کمپنی کی ضروریات کے مطابق پیش کر سکتے ہیں۔
2. خود کو تیار کریں
انٹرویو کے دوران اکثر کچھ عام سوالات پوچھے جاتے ہیں جیسے کہ اپنے بارے میں بتائیں۔آپ نے اس کمپنی کے لیے کیوں اپلائی کیا؟آپ کی سب سے بڑی کمزوری کیا ہے؟آپ کو اپنے پچھلے تجربے میں سب سے زیادہ کیا پسند آیا؟
ان سوالات کے لیے پیشگی تیاری کرنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ اپنے جواب کو مختصر لیکن مفصل اور مثبت انداز میں پیش کریں۔اپنے تجربات اور صلاحیتوں کو ایسی کہانیوں کی شکل میں بیان کریں جن سے آپ کی قابلیت اور کارکردگی ظاہر ہو۔
کسی دوست یا خاندان کے رکن کے ساتھ انٹرویو کی پریکٹس کریں۔خود آئینے کے سامنے بیٹھ کر اپنی باڈی لینگویج اور اظہار کا جائزہ لیں۔پیشگی سوالات لکھ لیں اور ان کے جوابات تیار کریں،تاکہ انٹرویو میں آپ کو ہچکچاہٹ کا سامنا نہ ہو۔
3. صحیح لباس کا انتخاب
آپ کا ظاہری حلیہ انٹرویو میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس بات کا یقین کریں کہ آپ کا لباس پروفیشنل اور کمپنی کے ماحول کے مطابق ہو۔عمومی طور پر رسمی لباس (فارمل اٹائر) کا انتخاب کیا جانا چاہیے جب تک کہ کمپنی کی طرف سے کوئی مخصوص ڈریس کوڈ نہ دیا گیا ہو۔
مردوں کیلئے سوٹ، ٹائی اور صاف ستھرے جوتے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں،جبکہ خواتین کیلئے سوٹ، یا پروفیشنل ڈریس کے ساتھ مناسب جوتے وغیرہ۔
ہمیشہ صاف اور استری کیے ہوئے کپڑوں میں جائیں اور اگر آپ کو کمپنی کے ڈریس کوڈ کا علم ہے تو اس کے مطابق لباس پہننے کی کوشش کریں۔
4. وقت کی پابندی
کامیاب انٹرویو کیلئے وقت کی پابندی انتہائی اہم ہے۔انٹرویو کیلئے بروقت پہنچنا آپ کی پیشہ ورانہ رویے کا اظہار کرتا ہے۔ آپ کو اپنے انٹرویو کے مقام پر کم از کم 10سے 15 منٹ پہلے پہنچنا چاہیے تاکہ آپ کو راستے میں کوئی غیر متوقع مسئلہ درپیش ہو تو آپ وقت پر پہنچ سکیں۔
انٹرویو کے مقام تک پہنچنے کا راستہ پہلے ہی چیک کر لیں تاکہ آپ کو راستے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔اگر انٹرویو آن لائن ہو رہا ہے تو پہلے سے اپنے انٹرنیٹ کنیکشن اور کمپیوٹر کیمرے اور مائیکروفون کا جائزہ لے لیں۔ہمیشہ اضافی وقت رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ٹریفک یا دیگر مسائل سے بچا جا سکے۔
5. پیشہ ورانہ رویہ اور مثبت سوچ
انٹرویو کے دوران آپ کا رویہ اور بول چال آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتی ہے۔ہمیشہ خوش اخلاقی سے بات کریں اور مثبت سوچ کا اظہار کریں۔ انٹرویو لینے والے افراد آپ کی خود اعتمادی اور پروفیشنل ازم کو دیکھ کر آپ کو منتخب کرتے ہیں۔
اپنی بات چیت میں ادب اور تہذیب کا دھیان رکھیں۔انٹرویو لینے والے کو گفتگو کے دوران نظر میں رکھیں اور سننے والے بنیں۔زیادہ بولنے سے پرہیز کریں اور سوالات کا مختصر اور مفصل جواب دیں۔اگر کوئی سوال سمجھ نہ آئے تو پوچھنے میں جھجک محسوس نہ کریں، یہ آپ کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
6. اپنی کامیابیوں اور صلاحیتوں پر توجہ دیں
انٹرویو میں اپنے تجربات اور کامیابیوں کو بڑے اعتماد سے پیش کریں،مگر یہاں یہ بھی ضروری ہے کہ آپ مبالغہ آمیزی سے بچیں اور وہی بات کریں جو آپ نے حقیقت میں کی ہو۔اپنی صلاحیتوں کو اس انداز میں پیش کریں کہ ان سے کمپنی کو کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
مثال کے طور پراگر آپ نے پچھلی نوکری میں کسی پروجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کیا ہے تو اس کی تفصیلات بتائیں کہ آپ نے کیا کیا،کیسے مسائل حل کیے اور اس کے نتیجے میں کیا کامیابی حاصل ہوئی۔ یہ بھی بتائیں کہ آپ نے اپنی ٹیم کے ساتھ کیسے کام کیا اور کس طرح کمپنی کو اس پروجیکٹ سے فائدہ پہنچا۔
7. سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں
اکثر انٹرویو کے آخر میں آپ سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا آپ کے پاس کوئی سوالات ہیں؟ یہ موقع آپ کیلئے ہے کہ آپ کمپنی یا جاب پوزیشن کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔ایسے سوالات پوچھنا جو کمپنی کی کارکردگی یا کلچر کے بارے میں ہوں،آپ کی دلچسپی اور سنجیدگی کا اظہار کرتے ہیں۔
کیسے سوالات پوچھ سکتے ہیں؟
کمپنی کی مستقبل کی ترقی کے منصوبے کیا ہیں؟
یہ پوزیشن کس طرح کمپنی کے مجموعی مقاصد میں حصہ ڈالتی ہے؟
کیا کمپنی میں سیکھنے اور ترقی کے مواقع ہیں؟
ٹیم کی ساخت اور کلچر کیسا ہے؟
8. فالو اپ ای میل بھیجیں
انٹرویو کے بعد شکریہ کا ایک مختصر ای میل بھیجنا آپ کی پیشہ ورانہ اخلاقیات کا ایک حصہ ہوتا ہے۔اس ای میل میں آپ انٹرویو لینے والے کو وقت دینے پر شکریہ ادا کریں اور دوبارہ اپنی دلچسپی کا اظہار کریں۔یہ چھوٹی سی سرگرمی انٹرویو لینے والے پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے اور انہیں آپ کو یاد رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
ای میل کا متن کیسا ہو سکتا ہے:
محترم
آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے مجھے اس پوزیشن کیلئے انٹرویو کا موقع فراہم کیا۔میں نے اس گفتگو سے بہت کچھ سیکھا اور کمپنی کے بارے میں مزید جان کر خوشی ہوئی۔مجھے یقین ہے کہ میں اپنی صلاحیتوں اور تجربے کے ساتھ اس پوزیشن میں مثبت کردار ادا کر سکوں گا۔
آپ کے مزید سوالات کیلئے میں ہمیشہ دستیاب ہوں۔
شکریہ
9. اپنی باڈی لینگویج پر دھیان
انٹرویو کے دوران آپ کی باڈی لینگویج بھی آپ کی شخصیت اور اعتماد کا عکاس ہوتی ہے۔ خود کو پُراعتماد اور پر سکون ظاہر کریں۔ کندھوں کو سیدھا رکھیں،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں اور ہاتھوں کا استعمال قدرتی طور پر کریں۔
جھک کر نہ بیٹھیں،بلکہ سیدھے ہو کر بیٹھیں۔انٹرویو لینے والے کی طرف توجہ دیں اور سننے والے بنیں۔اپنے چہرے پر قدرتی مسکراہٹ رکھیں۔
10. تنقیدی سوالات کے لیے تیار رہیں
بعض اوقات انٹرویو میں آپ کو تنقیدی سوالات یا دباؤ والے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان مواقع پر آپ کو پُرسکون رہنا چاہیے اور سوالات کے جوابات مثبت انداز میں دینا چاہیے۔
اگر آپ سے پوچھا جائے کہ آپ کی سب سے بڑی کمزوری کیا ہے تو اسے ایک مثبت زاویے سے بیان کریں جیسے کہ میری کمزوری یہ ہے کہ میں کبھی کبھی پرفیکشنزم کا شکار ہو جاتا ہوں،لیکن میں اس پر کام کر رہا ہوں تاکہ توازن برقرار رکھ سکوں۔