مولانا فضل الرحمان سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات
Dr Zakir Naik and Molana Fazal ur Rehman
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی ہے۔

مشہور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے کیلئے اسلام آباد میں موجود ان کی رہائش گاہ پہنچے،ان کے ساتھ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آند پر ان کو گلدستہ اور تحائف پیش کیے،دوسری جانب ڈاکٹر ذاکرنائیک نے بھی مولانا کو پرفیوم کا تحفہ پیش دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی،ڈاکٹر صاحب جس طرح سے سوالات کا جواب دیتے ہیں،وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے،متعدد لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد واتفاق مشترکہ مقصد ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی،کل کچھ دوست ملنے آئے تو میں نے کہا کہ سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان صاحب  سے ملاقات کروں گا،پاکستان کے لوگ بہت زیادہ محبت کرنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا،قرآن مجید کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا کہ سب اچھا پیشہ تو دعوت کا ہے،پوری امت مسلمہ کو آپسی اختلافات بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے،میرے تبلیغی کام کا مقصد اسلام کا امن ومحبت کے حقیقی پیغام کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب بھی ادا کی۔