پی ٹی آئی ایم این اے چوہدری عثمان کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ
Pakistan Tehreek-e-Insaf Member of National Assembly (MNA) from Sahiwal Chaudhry Usman Ali
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ساہیوال سے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) چوہدری عثمان علی نے پارٹی چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔

ساہیوال سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ( ایم این اے) چوہدری عثمان علی کے چچا چوہدری آصف نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال سے ایم این اے چوہدری عثمان علی تحریک انصاف کو چھوڑ کر لوٹا بننے کا فیصلہ کرچکا ہے۔

چوہدری آصف علی کا کہنا تھا کہ چوہدری عثمان غداری کرچکا ہے لیکن اگر وہ واپس آجائے تو اس کے لئے معافی تلافی کی گنجائش موجود ہے، میں نے بحیثیت مجبوری اپنے بھتیجے چوہدری عثمان کو ٹکٹ دلوایا تھا، اپنی پارٹی اور ورکرز کے سامنے شرمندہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر چوہدری عثمان علی یہ فیصلہ لالچ یا دباؤ کے باعث کیا ہے تو ایسے افراد کی ہماری جماعت میں کوئی گنجائش نہیں، اب نہ ہی میرا اس کیساتھ کوئی تعلق ہے، میں اپنے بھتیجے کیساتھ لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں، جس نے میری عزت کا خیال نہیں رکھا، میں بھی اس کی عزت کا خیال نہیں رکھوں گا، میں آج بھی اپنے قائد عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں چوہدری عثمان علی کے چچا چوہدری آصف علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی یہ بات قابل قبول نہیں، ٹکٹ آپ نے اسے دلوایا، آپ ایسے سائیڈ پر نہ نکلیں اور اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ کو اس کا حصہ سمجھا جائے گا۔