اڈیالہ جیل میں ایف آئی اے کے سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانے بلغاری جیولری ریفرنس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پراسیکیو ٹر ذوالفقار عباس نقوی نے دلائل دیئے کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے ملنے والا 7 کروڑ 15 لاکھ کا قیمتی سیٹ 29 لاکھ میں حاصل کیا، ایف آئی اے نے فارن آفس کے ذریعے سعوریہ سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کرلی، اس سیٹ میں نیک لیس، ائیر رنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں، ایف آئی اے کے پاس بلغاری سیٹ سے متعلق تمام رسیدیں آگئی ہیں۔
وکیل صفائی سلیمان صفدر نے کہا توشہ خانہ 2 کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے، پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں۔ ایک توشہ خانہ کے دو مقدمات کیسے بن سکتے ہیں۔ دونوں مقدمات میں ملزم بھی ایک جیسے ہیں، بشریٰ بی بی 7 مہینے سے قید ہے۔ سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہئے، پہلے نیب سے سپیشل جج سنٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن ضمانت نہیں ملی۔ عدالت سے درخواست کرتے ہیں ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سناکر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست پر ضمانت مسترد کر دی۔