ہم کسی صورت ایکسٹینشن نہیں ہونے دیں گے: عمران خان
We will not allow extension in any case: Imran Khan
راولپنڈی: (سنو نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے اڈیالہ جیل سے ایڈوکیٹ فیصل چودھری کے ذریعے قوم کے نام ایک اہم پیغام دیا ہے۔
 
 اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنی آزادی کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور اب اس جدوجہد کو روکنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کبھی آسانی سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے قوم کو بڑی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔
 
بانی چیئرمین نے کہا کہ وہ پچھلے 15 ماہ سے آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں قید ہیں اور اس وقت بھی ان کی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے قوم کو یاد دلایا کہ پاکستان کی حقیقی نمائندگی صرف پاکستان تحریک انصاف کر رہی ہے اور اس کا مقصد ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔
 
انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور عوامی حمایت سے محروم ہو چکے ہیں۔ بانی چیئرمین نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت بوٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے اور عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں کر رہی۔
 
اپنے پیغام میں بانی چیئرمین نے کہا کہ وہ کسی صورت "گینگ آف تھری" کو ایکسٹنشن نہیں دیں گے اور آئین کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر آئین کو روند کر اپنے مفادات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
 
انہوں نے اپنے حامیوں کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی اور جب تک حقیقی آزادی حاصل نہیں ہوتی، وہ اور ان کے ساتھی اس مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بانی چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مشن عوام کی حقیقی آواز بننا اور ملک میں آئینی بالادستی قائم کرنا ہے۔
 
پیغام کے اختتام پر بانی چیئرمین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑے رہیں۔