صاحب اقتدار طبقہ جمہوریت کو تباہ کر رہا ہے: عمران خان
September, 20 2024
راولپنڈی:(ویب ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک طرف قوم اور دوسری جانب چھوٹا سا صاحبِ اقتدار طبقہ جمہوریت اور سپریم کورٹ کو اپنے اقتدار کیلئے تباہ کر رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور میں جلسہ کی اجازت نہ دی گئی تو اسے احتجاج میں بدل دینگے۔ملکی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جو ننگی اور اتنی بے نقاب ہوئی، یہ لوگ جمہوریت کی تباہی کر رہے ہیں ۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا۔ جمہوریت تباہ کرنے کا مطلب آزادی ختم کرنا ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ جمہوریت اور آزادی کو بچانے کیلئے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اسلام آباد کا جلسہ کرنے کی گارنٹی دی اور پاکستان کا حوالہ دیا تھا، جس پر ہم نے جلسہ ملتوی کیا۔ گارنٹی کے باوجود اسلام آباد کے جلسے میں کنٹینرز لگائے گئے، رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کیا کبھی کسی نے جلسہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے؟ اسلام آباد کے جلسے سے متعلق ہمارے ساتھ دھوکا کیا گیا۔ لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے مارشل لاء دور میں بھی ایسا نہیں تھا جو اب کیا جارہا ہے۔ مشرف کا الیکشن ان کے مقابلے میں فری اینڈ فیئر تھا۔ انہوں نے بھی میڈیا اور جلسوں پر پابندی نہیں لگائی تھی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر مل کر دھاندلی کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن بال کراتا ہے،قاضی فائز کیچ پکڑتا ہے، انکی جو بھی درخواستیں وہ سنی جارہی ہیں اور ہماری مسترد ہو رہی ہیں، الیکشن ایڈمنسٹریٹو عمل ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی نے جو کہا وہ درست ثابت ہوا۔ کمشنر راولپنڈی کے بیان پر تفتیش تو ہونا چاہیے تھی، یہ بھی ہوسکتا ہے وہ غلط ہو، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کمشنر کے بیان کی تحقیقات کے بجائے اسے غائب کر دیا جائے۔
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے براہ راست بینفشری ہیں۔ وہ توسیع چاہتےہیں، اسی لیے الیکشن کا ہر کیس اپنے پاس لے لیتےہیں۔ آج لکیر کے ایک طرف جمہوریت، ووٹ کو عزت دینے والے اور دوسری طرف بوٹ کو عزت دینے والے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں انکی ضمانتیں ضبط ہوئی تھیں۔ فراڈ کو کور کرنے کیلئے 4 ایمپائرز کو ساتھ ملا کر یہ سب کیا جا رہا ہے۔ جلسہ سے روکا گیا تو مینار پاکستان پر پوری قوم احتجاج کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کی بات اس لیے کرتا ہوں کیونکہ آج بھی ملک میں وہی حالات ہیں۔ ملک کے یہ حالات مشرف اور ضیاء الحق کے دور میں بھی نہیں تھے۔ اس وقت بھی پورا مشرقی پاکستان مجیب کے ساتھ کھڑا تھا، یحییٰ خان نے اپنی ذات اور اقتدار کیلئے مجیب کے خلاف ایکشن لیا۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025