خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلوں کی قیادت میں خود کروں گا: علی امین گنڈا پور
Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Ali Amin Gandapur
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ لاہور کیلئے خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلوں کی قیادت میں خود کروں گا اور ہم حقیقی آزادی کیلئے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا مقصد حقیقی آزادی ہے، ہمارے آباؤواجداد نے جانی ومالی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا، آج وقت آگیا ہے کہ ہم مافیاز، ان کرپٹ لوگوں اوران مینڈیٹ چوروں سے اپنی حقیقی آزادی لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان مینڈیٹ چور حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ انہوں نے گھبرانا نہیں، پورے پاکستان نے جلسہ کے لیے نکلنا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کریں کہ ہم نے آزادی لینی ہے یا ان چوروں، لٹیروں اور مینڈیٹ چوروں کے حوالے اپنے بچے کر کے انہیں غلام بنانا ہے، ہم آزاد تھے اور آزاد رہیں گے۔