آئینی ترامیم بل پاس ہوتا تو مارشل لاء لگ جاتا: عمر ایوب
September, 19 2024
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر آئینی ترامیم کا بل منظور ہو جاتا تو ملک میں مارشل لاء کا خطرہ پیدا ہو جاتا۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے واضح طور پر اس ترمیمی بل کو مسترد کیا اور اس کا مسودہ اعظم نذیر تارڑ اور بلاول بھٹو کو بھی معلوم نہیں تھا۔
عمر ایوب نے حکومت اور اس کے اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی کمیٹی میں حکومتی اراکین کا رویہ انتہائی منفی تھا، اور ان سب کا کردار کٹھ پتلیوں جیسا تھا جو اپنے اختیارات دوسروں کے حوالے کرنے پر تلے ہوئے تھے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نے اس ساری صورتحال میں مثبت کردار ادا کیا، جو قابل تعریف ہے۔ اگر ایسی کوئی ترمیم دوبارہ پیش کی گئی تو حزب اختلاف اس کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔
قائد حزب اختلاف نے الزام لگایا کہ اگر یہ بل پاس ہو جاتا تو ملک میں مارشل لاء کی راہ ہموار ہو جاتی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئینی مسائل کے حل کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی بینچ کیوں نہیں بنایا جا رہا؟
عمر ایوب نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کا قیام ناقابل قبول ہے کیونکہ اس کے جج کا تقرر سابق صدر زرداری کرتے اور پھر اپنی مرضی کے قوانین نافذ کیے جاتے۔
عمر ایوب نے مزید انکشاف کیا کہ حکومت 57 آئینی ترامیم کر رہی تھی، جن میں آرٹیکل 8، 199 اور 200 میں تبدیلیاں شامل تھیں۔ تاہم، کمیٹی کے اجلاس میں نہ حزب اختلاف کے پاس کوئی مسودہ تھا اور نہ ہی حکومتی اراکین نے انہیں کوئی مسودہ فراہم کیا۔ کمیٹی میں حکومت کے پاس حزب اختلاف کے سوالات کے جوابات بھی موجود نہیں تھے۔
عمر ایوب نے لاہور جلسے کے بارے میں کہا کہ پی ٹی آئی کا لاہور کا جلسہ ہر صورت میں منعقد ہو گا اور پی ٹی آئی کارکنان کو اس کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلسے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں اور اسے روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025