خیبرپختونخوا پولیس کو فوج کا مکمل تعاون جاری رہے گا: آرمی چیف
Army Chief General Syed Asim Munir is offering prayers at the martyrs' memorial on the occasion of his visit to Peshawar Garrison.
پشاور:(سنو نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے ضم شدہ علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوج کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
 
 ان کا کہنا تھا کہ فوج ان اداروں کو مضبوط اور خودمختار بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ وہ دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
 
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حال ہی میں وادی تیراہ اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں علاقے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا اور فوج کے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فوجیوں اور افسران کے بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ ان کی مستعدی اور خطرات کے خلاف فوری ردعمل دینے کی صلاحیت قوم کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
 
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم کیا گیا ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت حاصل ہونے والا امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
 
مزید برآں، آرمی چیف نے مقامی آبادی کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی مدد اور تعاون کو سراہا، اور کہا کہ علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے عوام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
 
دورے کے دوران جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔