اب رینجرز بجلی چوری کرنے والوں کو پکڑے گی!
A person climbs an electric pole and installs wires, while on the other side, Rangers personnel wearing face masks sit alert in a vehicle.
اسلام آباد:(رپورٹ، سمیرا راجا)پنجاب میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات ناکافی ثابت ہوئے ہیں، جس کے بعد صورتحال قابو سے باہر ہوتی نظر آ رہی ہے۔
 
اسلام آباد سے سنو نیوز کی نمائندہ سمیرا راجا کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوری کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے پر وفاقی حکومت نے رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں پنجاب میں بجلی چوری کو روکنے میں ناکام رہی ہیں، جس کے باعث وزارت توانائی نے وزارت داخلہ سے مدد طلب کی ہے۔
 
دستاویزات کے مطابق وزارت توانائی نے 25 جولائی کو وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا، جس میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی گئی۔
 
 وزارت توانائی کی اس درخواست کے بعد وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی اجازت دے دی ہے تاکہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
 
حکومتی ذرائع کے مطابق، یہ قدم اس لیے ضروری سمجھا گیا کیونکہ بجلی چوری کی روک تھام کے روایتی اقدامات ناکام ہو چکے ہیں۔
 
 بجلی چوری کی وجہ سے نا صرف ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ صارفین کو اضافی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
 
رینجرز کی بھاری نفری کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا تاکہ بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن شروع کیا جا سکے۔ 
 
وزارت توانائی کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام عوامی مفاد میں ہے، کیونکہ ملک کو پہلے ہی بجلی کے بحران کا سامنا ہے، اور بجلی چوری اس بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
 
بجلی چوری کے خلاف یہ کریک ڈاؤن پورے پنجاب میں کیا جائے گا اور اس دوران ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو غیر قانونی طریقے سے بجلی حاصل کر رہے ہیں۔
 
 عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی چوری کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ اس جرم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔