ذرائع کے مطابق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ( آئیسکو) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے صارفین کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کی سبسڈی کو ختم کردیا گیا ہے۔
تاہم پنجاب کے باقی شہروں میں صارفین 30 ستمبر 2024 تک بجلی کے بلوں میں ریلیف سے مستفید ہوسکیں گے، آئیسکو بیان میں بتایا گیا ہے کہ بجلی صارفین کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان اگست میں 2 مہینوں کے لیے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے علاوہ، پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں اٹک سے جہلم تک کے تمام اضلاع آئیسکو کے دائرہ اختیار میں ہیں،جس میں 10 لاکھ گھریلو صارفین شامل ہیں،جبکہ اسلام آباد کی 15 سب ڈویژنز میں ایک لاکھ 25 ہزار صارفین بھی شامل ہیں۔
آئیسکو کے سینیئر حکام نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بلوں میں تبدیلی کیلئے سب ڈویژنز کو نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
آئیسکو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے کمپنی کو مطلع کردیا ہے کہ 201 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو سنگل فیز صارفین کے لیے ’14 روپے یونٹ کا وزیراعلیٰ پنجاب ریلیف پیکیج‘ ستمبر 2024 کے بلوں میں اسلام آباد کے لیے ختم کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 16 اگست کوایک پریس کانفرنس میں 45 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے پنجاب حکومت کی طرف سے کیا تھا،اس کانفرنس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔