ایف سی ہیڈ کوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام، 4 خارجی جہنم واصل
Security forces foiled an attack attempt on FC headquarters Mohmand
راولپنڈی: (سنو نیوز) سیکیورٹی فورسز نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 4 خوارج کے ایک گروپ نے ضلع مہمند میں ایک فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی میں خوارج، چاروں خودکش بمباروں کو مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہادر سپوتوں نے فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ حملہ ناکام بنانے اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کر کے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔