سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں: آرمی چیف
September, 6 2024
راولپنڈی:(سنو نیوز)پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قائداعظم ؒ کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں۔
یوم ِدفاع کے موقع پر جی ایچ کیو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع جانتے ہیں اور کبھی مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کے رُوشن مستقبل پر کامل یقین پاکستانیت کا ناگزیر حصہ ہے۔
آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ؛”معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں“۔ مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کا رشتہ، "دل کا رشتہ "ہے جو پاکستان کے دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے۔ عزمِ استحکام، نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے۔ قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔غیر ملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی۔ فتنہ برپا کرنے والوں کے متعلق خدائے لم یزل کا ارشاد یاد رکھیں کہ ”الفتنہ اکبر من القتل“۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے یومِ دفاع و شہداء پاکستان کی تقریب سے تاریخی خطاب میں وطنِ عظیم کے تمام بہادر شہدا ءاور غازیوں کو خراجِ تحسین کی اور کہا کہ شہداء کے درجات کی بُلندی کے لئے دعا گو ہوں جن کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو سلام جنہوں نے افواج ِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پاکستانی قوم ایک جّر ی اور بہادر قوم ہے۔ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جوانشاء اللہ دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستان کی غیور عوام بالخصوص خیبر پختونخوا ہ اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔آرمی چیف نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سورۃ آلِ عمران کی آیت 169کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ؛”اور جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کیے گئے، ہر گز انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں“۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف متحد آواز، پیغامِ پاکستان، مغربی سرحدوں کا باضابطہ انتظام، قبائلی علاقہ جا ت کی صوبہ میں شمولیت، خیبر پختونخوا ہ اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کے اقدامات اہم کامیابیاں ہیں۔ یہ کامیابیاں ریاستِ پاکستان کے عزم اور شہداء اور غازیوں کی قربانی کا ثمر ہیں۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025