پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی
Pakistan Tehreek-e-Insaf (PTI)
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد جلسے کے لیے اجازت دے دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد جلسے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو این او سی اور روٹس بھی جاری کر دیا۔

جلوسوں کیلئے مقررکردہ روٹس کی پابندی کرنا ہوگی، این او سی کی 41 شرائط پر عمل پیرا ہونا ہوگا جبکہ سکیورٹی صورتحال پر این او سی کسی بھی وقت منسوخ کیا جا سکتا ہے جبکہ شرائط و ضوابط میں سے کسی کی خلاف ورزی کی صورت میں منتظمین کو سامنا کرنا پڑے گا، جلسہ پاکستان کی ثقافتی اقدار کے مطابق ہوگا۔ اسٹیج پر آنے والے لوگوں کی فہرست کم از کم 12 گھنٹے میں آئی سی ٹی انتظامیہ کو فراہم کی جائے گی۔

این او سی کے مطابق جلسے کا اجازت نامہ صرف 8 ستمبر کے لیے ہوگا۔ منتظمین جلسے کے اندر شرکاء کی سکیورٹی انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے، کسی بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

این او سی میں شرط رکھی گئی ہے کہ جلسے کے شرکاء اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، کسی بھی سڑک کو بلاک نہیں کیا جائے گا، جلسہ 4 بجے شروع ہو کر 7 بجے ختم ہو جائے گا، دھرنے اور احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، پنڈال کے داخلی مقامات پرواک تھروگیٹس لگائے جائینگے۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کو پنڈال اور منتظمین میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پہلی قطار اور اسٹیج کے درمیان کم از کم سیٹ بیک ایریا 45 میٹر ہوگا، جلسے کے منتظم اختتام پر شرکاء کو منتشر کرنے کے پابند ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری این او سی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جلسے کے شرکاء کے پاس ڈنڈوں سمیت کوئی مہلک یا غیر مہلک فورس نہیں ہوگی، جلسے میں شریک کوئی بھی تشدد یا تصادم نہیں کرے گا، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے پر منتظمین جلسہ ذمہ دار ہوں گے۔