سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا بل آج سینیٹ میں پیش ہوگا
September, 2 2024
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپریم کورٹ کے مستقل ججز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے قانون میں ترمیم کا بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عبدالقادر ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق ترمیمی بل پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا۔ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے کا بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ بل کے تحت سپریم کورٹ (ججز کی تعداد) ایکٹ، 1997 کی سیکشن 2 میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ بل کے متن میں کہا گیا کہ چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے ججوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد 20 مقرر کی جائے، سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے، زیرالتوا مقدمات کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ججوں کی تعداد 17 سے بڑھا کر 21 کی جائے۔
بل کے متن میں کہا گیا کہ ججز کی تعداد میں اضافے کا مقصد سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانا ہے، سینیٹ سے منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔