جماعت اسلامی کا حق دو عوام تحریک کے نئے مرحلے کا آغاز
Ameer Jamaat-e-Islami Hafiz Naeem-ur-Rehman
لاہور: (سنو نیوز) جماعت اسلامی نے حق دو عوام تحریک کے نئے مرحلے کا آغاز کر دیا۔

  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50 لاکھ لوگوں کو ممبر بنائیں گے، کروڑوں افراد سے رابطہ ہوگا، اس ممبر شپ کے دوسرے مرحلے میں ان ممبران پر مختلف کمیٹیاں بنائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ایسی جماعت جو وفاقی حیثیت رکھتی ہے پاکستان کو جوڑ سکتی ہے وہ جماعت اسلامی ہے، دشمن لگا ہوا ہے ملک میں افراتفری ہو، جماعت اسلامی  کو جب اختیار ملتا ہے تو دیانتداری سے کام کرتے ہیں، ہمیں اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں مایوس نہ ہوں، یہ نظام حکمرانوں اور مختلف افراد کی بالادستی کو قائم کرتا ہے، ظلم کے خاتمے، عدل کے قیام اور طبقاتی نظام سے چھٹکارا پانے کے لیے ہمارے دست و بازو بنیں، مایوس ہو کر گھر بیٹھنا مسائل کا حل نہیں، ایسے کچھ حاصل نہیں ہوگا، جدوجہد کا آغاز ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک جماعت اسلامی میدان میں کھڑی ہے، حالات اس قدر سنگینی اختیار کرچکے ہیں کہ تعلیمی ادارے منشیات کے اڈے بن چکے، بجلی کے بل بم بن چکے ہیں، صحت، تعلیم مہنگی جبکہ روزگار کے مسائل بڑھ رہے ہیں، واحد جماعت اسلامی ہے جو عوام کی نمائندگی کر رہی ہے، بنیادی حقوق کی بات کرتی ہے۔