شہر قائد کراچی کیلئے 9واں الرٹ جاری، تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اثرات کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، سمندری طوفان اسثنیٰ کراچی سے اور بھی دور چلا گیا ہے۔
کراچی کی ساحلی پٹی سے طوفان اسثنیٰ دور ہونے لگا لیکن بلوچستان کی پٹی پر اس کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا مطلع ابرآلود، سمندری ہوائیں بحال، موسم خوشگوار ہوگیا آئندہ چند روز تک مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہے گا
کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے، اور ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے وسطی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسثنیٰ کا 9واں الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان مزید جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
اورماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 350 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، گوادر کے جنوب مشرق سے 260 کلومیٹر دور ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر کی سپیڈ سے ہوا چل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے ماہی گیروں کو سختی سے گہرے سمندر میں نہ جانے کا کہا ہے جبکہ صوبہ سندھ کے ماہی گیرکل سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرسکتے ہیں۔