محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چھٹے الرٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 9 گھنٹوں کے دوران طوفان کا رخ مزید مغرب کی جانب بڑھا اور اب یہ کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ اسنی مزید مغرب-جنوب مغرب کی طرف جائے گا۔
الرٹ کے مطابق طوفان کے زیر اثر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، سندھ کے اضلاع کراچی، بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، جامشورو اور دادو میں آج تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں حب، لسبیلہ، آوران، کیچ اور گودار میں کل رات تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا کہ سمندری حالات 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ خراب رہنے کا امکان ہے، سندھ کے ماہی گیروں کو آج تک اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔