ترجمان پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں منگلا 147 ملی میٹر، منڈی بہاوالدین 78، جہلم 76، ٹوبہ ٹیک سنگھ 40، گجرات 35 اور نارووال میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ملتان، رحیم یار خان، راولپنڈی، قصور اور دیگر شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 105 شہری جاں بحق، 260 زخمی اور 267 گھر متاثر ہوئے، اموات آسمانی بجلی، کرنٹ لگنے، کچے گھر اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے سے ہوئیں، مون سون بارشوں کے باعث 89 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، پنجاب کے دریاؤں ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے سندھ، چناب، راوی، ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے، اگلے 24 گھنٹوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ ہل ٹورنٹس میں ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 74 فیصد، تربیلا میں 100فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 60 فیصد تک ہے۔
ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے پیشِ نظر تمام محکمے ہمہ وقت الرٹ ہیں، عوام الناس سے التماس ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔