لاہور کی مسجد شہدا میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازجنازہ ادا

August, 2 2024
لاہور:(سنو نیوز)تکمیل پاکستان موومنٹ کے زیراہتمام لاہور کی مسجد شہدا میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ چیئرمین تکمیل پاکستان موومنٹ سعد نذیر نے نماز جنازہ پڑھائی۔
تفصیل کے مطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ مال روڈ لاہور پر مسجد شہدا میں ادا کی گئی۔ جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، تجزیہ کار عمر ریاض عباسی، منتظم تکمیل پاکستان موومنٹ میجر ریٹائرڈ میثم رضا، تنظیم کے عہدیدار حمزہ عامر سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ تکمیل پاکستان موومنٹ کے سربراہ سعد نذیر نے نماز جنازہ کی امامت کی۔
تکمیل پاکستان موومنٹ کے منتظم میجر ریٹائرڈ میثم رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اس لیڈر کو کھو بیٹھے جس نے امت مسلمہ کو اکٹھا کیا۔سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر عمر ریاض عباسی نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے سوال اٹھایا کہ ہم کب تک لاشیں اٹھاتے رہیں گے؟
چیئرمین تکمیل پاکستان موومنٹ سعد نذیر وقفے وقفے سے نعرہ تکبیر بلند کیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے آگے بند باندھنے کیلئے امت مسلمہ کو ایک ہونا ہو گا۔
اس موقع پر خطاب میں سعد نذیر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی نمازِجنازہ میں سب کا اکٹھاہونا امت کی وحدت کی نشانی ہے۔ امت ایک ہو گی اور دین حق قائم ہوگا۔اللہ نے چاہا تو پاکستان میں خلافت قائم ہوگی۔