اسلام آبادہائیکورٹ: پی ٹی آئی سنٹرل سیکرٹریٹ کھولنے کا حکم
Image
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کی بندش کیس پر سماعت کی، فوری کھولنے اور آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی ہدایت دی۔ مکمل فیصلہ پڑھیں۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی کی سنٹرل سیکرٹریٹ کی بندش کی خلاف درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تین گھنٹے کا ہنگامی نوٹس دے کر عمارت سیل کر دی؟،بتائیں ایسی کیا ہنگامی صورتحال تھی ؟ وکیل نے کہا میٹروپولیٹن کارپوریشن بغیر نوٹس بھی بلڈنگ سیل کر سکتا ہے، پہلے بھی بلڈنگز ایسے سیل کی جاتی رہیں۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا اگر غلط طور پر ایسا ہوتا رہا تو یہ مطلب نہیں کہ اس کیس میں بھی درست ہو جائے گا، 2017 اور 18 کے پبلک نوٹس دکھا رہے ہیں اور 2024 میں عمارت سیل کر رہے ہیں۔

وکیل نے کہا یہ اب بھی مطلوبہ حفاظتی اقدامات کر دیں تو ہم بلڈنگ ڈی سیل کر دینگے، لطیف کھوسہ نے کہا بلڈنگ ڈی سیل نہیں کی جائے گی تو پھر چیزیں کیسے لگائی جائیں گی ؟۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا اس حد تک ڈی سیل کر دیتے ہیں کہ یہ کام مکمل کر لیں، عدالت نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے 13 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی سنٹرل سیکرٹریٹ فوری کھولنے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو ایک ہفتے میں بلڈنگ میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی ہدایت کر دی۔