سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے دو بیٹے گرفتار
Image
مظفر آباد:(رپورٹ،نعیم جنجوعہ)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے دو بیٹے گرفتار۔گرفتار ہونے والوں میں ایک کزن اور چار ڈرائیور بھی شامل۔

 تفصیلات کے مطابق پانچ گاڑیاں بھی پولیس نے قبضہ میں لے لیں۔ گاڑیوں پر پولیس لائیٹیں بھی لگی ہوئی تھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج ہے۔ کارروائی مار گلہ پولیس کی جانب سے کی گئی ہے۔

 
خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ بیس مئی کو سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو مبینہ خاندانی جائیداد کے تنازع پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ 
 
پولیس نے سردار تنویر الیاس کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا  تھا کہ یہ کارروائی جائیداد پر مبینہ قبضہ اور فائرنگ کے کیس میں عمل میں لائی گئی ۔یکم مئی 2024ءکو سردار تنویر الیاس کے خلاف سینٹورس مال کے مرکزی دفاتر اور اہم دستاویزات پر قبضہ کرنے کی کوشش پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
 
یہ مقدمہ سینٹورس مال کے ڈپٹی سکیورٹی انچارج، کرنل (ر) ٹیپو سلطان کی جانب سے درج کروایا گیا تھا جس میں سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
 
ایف آئی آر کے مطابق، سردار تنویر الیاس 20 سے 25 مسلح افراد کے ساتھ سینٹورس مال کے دفتر 1708 میں داخل ہوئے اور دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے سکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا۔
 
ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا کہ سردار تنویر الیاس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سردار یاسر الیاس خان اور سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ سردار تنویر الیاس کے وکلا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے موکل کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کریں گے۔
 
دوسری جانب پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔ادھر سردار تنویر الیاس کی گرفتاری نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی تھی۔ آزاد کشمیر کی سیاست میں ان کی گرفتاری کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔
 
ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ سیاسی انتقام کا حصہ ہے جبکہ مخالفین اس کو قانون کی بالادستی کی علامت قرار دے رہے ہیں۔