ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان، نعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف ایڈووکیٹ، آمنہ علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ اسد عمر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، علی محمد خان، مراد سعید کو مقدمات سے بری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
یاد رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی و دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ گولڑہ میں دو مقدمات درج تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے عدالت کے باہر سنو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک خیبرپختونخوا سے شروع ہو کر پورے ملک تک پھیلے گی، جلد بانی تحریک انصاف عمران خان رہا ہوکر عوام کے درمیان ہوں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ایک کیس میں مجھے دو سال بعد رہائی ملی ہے، جس کیس میں میری رہائی ہوئی ہے اسی میں بانی تحریک انصاف عمران خان، مراد سعید اور اسد عمر سمیت دیگر بھی نامزد تھے، ایک غلط کیس آج ختم ہوا ہے، یہ دو سال کا وقت ضائع کیا گیا۔