









سابق فاسٹ باؤلر ممد عامر کا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس میں جاری ایک پیغام میں کہنا تھا کہ 8 فروری کو اپنا ووٹ ڈالنا نہ بھولیں، پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تمام ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو فارم 45 کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹس سے دستخط کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں
انہوں نے کہا کہ دستخط کے بعد پریزائڈنگ افسران فارم 45 پولنگ اسٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے، فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا، فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر پابندی سے متعلق چیئرمین پیمرا کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جائیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پیمرا پولنگ کے دوران یقینی بنائے کہ میڈیا انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے اور میڈیا پر کسی قسم کی فیک نیوز نشر نہ ہو۔
چیئرمین پیمرا کو جاری مراسلے میں کہا گیا کہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے کہ عدلیہ کی آزادی اور قومی اداروں کے خلاف مواد کے ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کوئی مواد نشر نہ کرے، چیئرمین پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کوئی ایسا مواد نشر نہ کیا جائے جس سے پولنگ کے دوران یا بعد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو۔
اس حوالے سے مزید ہدایت کی گئی کہ پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور میڈیا کو آگاہ کرے کہ قومی یکجہتی کے خلاف کوئی الزام یا بیان الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر نہ کیا جائے۔
پیمرا چیئرمین کو ہدایت کی گئی کہ الیکشن کے دن پرنٹ، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا پر انتخابات سے متعلق پولنگ اسٹیشنز پر کسی قسم کا سروے نہ کیا جائے اور پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جاسکتے ہیں۔
یاد رہے ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کل 8 فروری کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی