سورج مکھی کے بیج میں چھپے صحت و توانائی کے بے پناہ فوائد
Sunflower seeds benefits
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): غذائیت سے بھرپور سورج مکھی کے بیج وٹامنز، معدنیات اور صحت مند چکنائی کا ایسا خزانہ ہیں جو دل، دماغ، جلد اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق سورج مکھی کے بیج قدرتی طور پر وٹامن ای، فائبر، پروٹین اور صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ مجموعی صحت کے لیے نہایت مفید ہوتے ہیں، ان بیجوں میں موجود وٹامن۔ای فری ریڈیکلز سے لڑ کر جلد کو جوان اور صحت مند رکھتا ہے جبکہ اینٹی آکسیڈنٹس سورج کی مصر شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔

سورج مکھی کے بیج آنتوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں کیونکہ ان میں موجود فائبرز ہاضمے کو بہتر بناتا ہے اور قبض جیسے مسائل میں کمی لاتا ہے، یہی فائبرز مفید بیکٹیریا کی نشوونما کو بھی فروغ دیتا ہے جو آنتوں کے درست نظام کے لیے ضروری ہے۔

وزن کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج مکھی کے بیج پروٹین اور صحت مند چکنائی کی بدولت دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے جس سے غیر ضروری بھوک میں کمی اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چکنائی سے بھرپور پنیر صحت کا خزانہ

مدافعتی نظام کے لیے بھی سورج مکھی کے بیج قدرتی ٹانک سے کم نہیں ہیں، وٹامن ای، سیلینیم اور زنک جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور اس کے ساتھ جراثیم کے خلاف مزاحمت کو بھی بڑھاتے ہیں۔

اس کے علاؤہ یہ بیج آنکھوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہیں، ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، زیکسینتھن اور لیوٹن بینائی کو بہتر بنانے اور عمر کے ساتھ ہونے والی آنکھوں کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔