پولیو ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف قانونی کارروائی شروع
Sindh polio crackdown
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے والدین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جو اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر رہے ہیں۔

ضلع سکھرمیں480 والدین کو سندھ امیونائزیشن اورایپیڈیمکس کنٹرول ایکٹ 2023 کے تحت سزا دی گئی ہے۔

یہ قانون جو4 اگست 2023 کو منظور ہوا تھا، ضلع ڈپٹی کمشنرز کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ قانون شکنی کرنے والوں پر جرمانہ یا جیل کی سزا عائد کر سکیں۔ جو والدین اپنے بچوں کہ پولیو ویکسین نہ لگوائیں انہیں ایک ماہ تک قید یا 50,000 سے 100,000 روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: ٹرین سروس4 دن کے لیے معطل

ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل شیخ کے مطابق سکھر میں بار بار کی خلاف ورزی کے بعد جرمانے عائد کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی دیگر اضلاع بشمول کراچی میں بھی بڑھائی جائے گی تاکہ ویکسین لینے سے انکار اور غلط معلومات پھیلانے کو روکا جا سکے۔

یہ قانون سوشل میڈیا پر اینٹی ویکسین مہم چلانے والوں کو بھی نشانہ بناتا ہے اور سخت قانونی نتائج کی وارننگ دیتا ہے۔ ڈاکٹر سہیل شیخ نے اس بات پرزور دیا کہ صوبائی حکومت کا مقصد بچوں کو قابلِ بچاؤ بیماریوں سے بچانا اور مکمل ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے۔