پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبہ بھر میں ڈینگی بارے الرٹ جاری
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا الرٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا الرٹ جاری کردیا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز انتظامات مکمل کریں، ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات اختیار کریں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور اپنے گھر کو صاف رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بخار یا ڈینگی کی علامات کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں، ڈینگی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ہیلتھ ایجنسیاں اور کنٹرول سینٹرز ہائی الرٹ رہیں، ڈینگی کے خطرے کا پتہ لگانے کے لیے موسمیاتی اور حشراتی ڈیٹا کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے کینسر کی پہلی کامیاب ویکسین تیار کر لی

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے سپرے، لاروی سائیڈ اور رکاوٹوں کو صاف کریں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور شیلٹر کے انتظام میں مؤثر تعاون کریں، ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں عوامی آگاہی کے لیے ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے کیمپس میں صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں،کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کو رپورٹ کریں، پی ڈی ایم اے پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ دیں۔