فائیل فوٹو
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے دنیا کی پہلی کینسر ویکسین اینٹرو مکس تیار کر لی، ویکسین ابتدائی طبی تجربات میں 100 فیصد مؤثر ثابت رہی۔
روس نے میڈیکل سائنس میں نئی تاریخ رقم کردی۔ روسی تحقیقاتی اداروں نیشنل میڈیکل ریسرچ ریڈیالوجیکل سینٹر اور اینگلٹ ہارڈ انسٹیٹیوٹ آف مالیکیولر بیالوجی نے مشترکہ طور پر دنیا کی پہلی کینسر ویکسین تیار کر لی ہے جس کا نام اینٹرو مکس رکھا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ ویکسین mRNA ٹیکنالوجی پر مبنی ہے وہی ٹیکنالوجی جو کورونا ویکسینز میں استعمال ہوئی تھی۔ ابتدائی کلینیکلز ٹرائلز میں یہ ویکسین سو فیصد کامیاب رہی ہے، کسی مریض میں مضر اثرات دیکھنے میں نہیں آئے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کینسر کے خلیوں کو براہ راست نشانہ بناتی ہے جبکہ صحت مند خلیوں کو نقصان نہیں پہنچاتی یہی وجہ ہے کہ یہ روایتی علاج جیسے کیمو تھراپی اور ریڈی ایشنز سے مختلف ہے۔ ویکسین مریض کو بذریعہ انجکشن دی جاتی ہے جو کہ آسان اور کم تکلیف دہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خراٹوں سے تنگ آکر بھتیجے نے چچا کو زہر پلا دیا
ماہرین کے مطابق یہ ویکسین پھیپھڑوں ، چھاتی ، بڑی آنت اور لبلبہ کے کینسر کے مریضوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہو گی۔ ایسے مریض جو موروثی کینسر کا شکار ہیں یا روایتی علاج برداشت نہیں کر سکتے ان کے لیے یہ ویکسین امید کی نئی کرن ہے۔
روس کی وزارت صحت سے حتمی منظوری کے بعد اینٹرو مکس کو ملک بھر میں عام دستیاب کر لیا جائے گا۔ اگر منظوری مل جاتی ہے تو یہ ویکسین عالمی سطح پر کینسر کے علاج میں ایک نئے دور کی شروعات ہوگی۔