کمپیوٹر اور فون سکرین سے آنکھوں کی حفاظت
Eye Protection from Mobile and Computer Screen
لاہور:(ویب ڈیسک)جدید دور میں کمپیوٹر اور سمارٹ فون کا استعمال تقریباً ہر شخص کیلئے ناگزیر ہو گیا ہے،چاہے وہ دفتر میں کام کرنے والا ہو یا تفریح پر جانے والے نوجوان ہوں۔ان سب کیلئے یہ ڈیوائسز نہ صرف معمول کا حصہ بن گئی ہیں بلکہ ان کے استعمال میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

تاہم اس بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل انحصار نے ایک نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے،جس کی وجہ سے بینائی اور آنکھوں کی صحت کے مسائل کافی حد تک بڑھتے جارہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سکرین سے نکلنے والی تیز روشنی اور نیلی شعاعیں آنکھوں پر اضافی دباؤ ڈالتی ہیں،جس کے نتیجے میں آنکھوں میں سوزش،درد،خشکی اور نظر کی کمزوری جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں۔

آج ہم آپ سے چند اہم حفاظتی تدابیر متعارف کروائیں گے جو آپ کی آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں کافی حد تک مدد دے سکتی ہیں۔

کمپیوٹر اور سکرینز کی روشنی کو مناسب رکھیں

کمپیوٹر سکرین کی روشنی کو مناسب سطح پر رکھنا ضروری ہے۔لاسو نامی ایک ویب سائٹ کے مطابق آپ ایک خصوصی پروگرام "FLUX" ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جو سکرین کی روشنی کو اطراف کے ماحول کے مطابق خود بخود ایڈجسٹ کر دیتا ہے،جس سے آنکھوں پر دباؤ میں کمی آتی ہے۔یہ پروگرام مفت میں دستیاب ہے اور انسٹالیشن کے بعد آپ آٹو برائٹنس سیٹنگ میں جا کر خودکار کنٹرول کو فعال کر سکتے ہیں۔یہ پروگرام لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کیلئے کارآمد ہے۔

سمارٹ فونز پر نائٹ موڈ کا استعمال

سمارٹ فونز میں نائٹ موڈ کا استعمال بھی انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔اینڈرائیڈ اور آئی فون سٹورز پر نائٹ موڈ ایپلی کیشنز دستیاب ہیں،جنہیں انسٹال کر کے آپ سکرین کی چمک کو مخصوص ماحول کے مطابق ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔نائٹ موڈ نیلی شعاعوں کو کم کر دیتا ہے،جس سے آنکھوں پر پڑنے والا دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔

آنکھوں پر دباؤ کا مسئلہ

زیادہ دیر تک کمپیوٹر سکرین پر کام کرنے سے نہ صرف آنکھوں کی سرخی اور سوزش بڑھتی ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔تحقیقی مطالعات سے یہ بات دسامنے آئی ہے  کہ مسلسل سکرین کو دیکھنے سے ذہنی دباؤ میں اضافہ ہوتا ہے،جس کے نتیجے میں کام میں غلطیاں بڑھ جاتی ہیں۔اس سے بچنے کیلئے چند احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔

سکرین کی کلر ٹمپریچر کو کم رکھیں

کمپیوٹر اور فون کی سکرین میں کلر ٹمپریچر کم رکھیں۔نیلی شعاعیں بینائی کو متاثر کرتی ہیں،اس لیے اپنی سکرین کی سیٹنگز میں جا کر نیلی شعاعوں کی مقدار کو کم کریں۔کچھ نئے ڈیوائسز میں بلٹ اِن "نیلے فلٹرز" کے آپشن موجود ہوتے ہیں،جو آنکھوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اندھیرے میں سکرین کا استعمال ترک کر دیں

اندھیرے میں کمپیوٹر یا فون کا استعمال آنکھوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔مکمل اندھیرے میں سکرین کی روشنی آنکھوں پر براہ راست اثر ڈالتی ہے،جس سے آنکھوں میں تھکاوٹ محسوس  ہونے لگتی ہے۔اگر اندھیرے میں سکرین کا استعمال ضروری ہو تو اس کی روشنی کم کر دیں اور کوشش کریں کہ اسے مختصر وقت کیلئے ہی استعمال کریں۔

سکرین کے حروف کو بڑا کریں

چھوٹے فون یا کمپیوٹر سکرین پر کام کرتے وقت حروف کو بڑا کر کے دیکھیں تاکہ آنکھوں پر دباؤ نہ پڑے۔ زیادہ وقت تک چھوٹے حروف کو دیکھنے سے آنکھیں جلدی تھک جاتی ہیں،جس سے ان میں سوزش اور درد کا امکان کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔

پلکوں کو جھپکائیں

کمپیوٹر سکرین پر کام کرتے وقت پلکوں کو بار بار جھپکانا نہایت اہم ہے۔ بہت دیر تک مسلسل دیکھنے سے آنکھوں کی نمی ختم ہو جاتی ہے،جس کے نتیجے میں آنکھوں میں خشکی پیدا ہوتی ہے۔ اسی لیے وقتاً فوقتاً پلکیں جھپکائیں تاکہ آنکھیں نم رہیں اور خشکی سے محفوظ رہیں۔

20-20-20 فارمولا:آنکھوں کی ورزش

ماہرینِ صحت نے آنکھوں کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے ایک آسان 20-20-20 فارمولا پیش کیا ہے۔ ہر 20 منٹ بعد کسی 20 فٹ دور موجود شے کو 20 سیکنڈ تک دیکھیں۔یہ ورزش آنکھوں کی پٹھوں کو آرام دیتی ہے اور تھکن کو بھی کم کرتی ہے۔

مسلسل کام کے دوران وقفے لیں

زیادہ دیر تک مسلسل کمپیوٹر استعمال کرنا نہ صرف آنکھوں کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔کام کے دوران وقفے لے کر نہ صرف آپ ااپنی ٓنکھوں کو سکون دیتے ہیں بلکہ کام کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کمپیوٹر اور فون کی سکرین سے نکلنے والی روشنی سے محفوظ رہنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ مناسب چمک کا انتخاب،نائٹ موڈ کا استعمال،پلکوں کو جھپکانا اور 20-20-20 قاعدہ جیسے اقدامات اپنائیں۔ ٹیکنالوجی کے دور میں آنکھوں کی حفاظت کیلئے یہ معمولی تبدیلیاں آپ کی آنکھوں کو لمبے عرصے تک صحت مند رکھ سکتی ہیں اور آپ کو کمپیوٹر اور فون کے استعمال سے ملنے والی آنکھوں کی تھکن سے نجات دلانے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔