پاکستان میں ڈینگی بخار کی شدت میں اضافہ
October, 10 2024
لاہور: (سنو نیوز)پاکستان بھر میں ڈینگی بخار نے ایک بار پھر سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر سے ڈینگی کے 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سال اب تک 2,724 کیسز سامنے آچکے ہیں، جبکہ پچھلے ہفتے میں 890 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 142 کیسز جبکہ لاہور میں 5، اٹک اور بہاولپور میں 2-2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیگر شہروں میں گوجرانوالہ، میانوالی، جہلم، ملتان، رحیم یار خان، منڈی بہاءالدین، بہاولنگر، بھکر، وہاڑی اور راجن پور سے 1-1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ صوبے بھر سے ایک ہی دن میں 99 نئے کیسز سامنے آئے، جس سے رواں سیزن کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 1,573 ہوگئی ہے۔ پشاور میں سب سے زیادہ 535 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 156 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 210 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے مجموعی تعداد 3,600 سے تجاوز کر گئی ہے۔ طبی ماہرین نے عوام کو ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ راولپنڈی میں اب تک 9 افراد ڈینگی سے جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 1,676 اور راولپنڈی میں 2,000 سے زائد ہو چکی ہے۔
محکمہ صحت نے اس صورتحال کے پیش نظر ڈینگی سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر رکھے ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر طبی مدد حاصل کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔