ذہنی صحت کیا ہے؟
ذہنی صحت دراصل ہمارے دماغ کی حالت اور سوچنے،محسوس کرنے،برتاؤ کرنے،کسی ایکشن کے بدلے ری ایکشن دینے،فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ زندگی کے مختلف چیلنجز اور دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اچھی ذہنی صحت ہمیں خوشی،اطمینان اور خود اعتمادی فراہم کرتی ہے اور ہمیں زندگی میں مثبت انداز میں آگے بڑھنے کی طاقت اور ہمت دیتی ہے۔
ذہنی صحت کیوں ضروری ہے؟
ذہنی صحت کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ نہ صرف ہماری مجموعی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے بلکہ ہماری کارکردگی،تعلقات،برقت فیصلے کرنا،ردِ عمل دینے اور زندگی کے معیار کو بھی بہتر بناتی ہے۔ذہنی صحت کا خیال نہ رکھنے سے ذہنی دباؤ،اضطراب اور ڈپریشن جیسے مسائل جنم لیتے ہیں،جو نہ صرف انسانی زندگی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ اس کے خاندان،معاشرے،کاروبار اور دیگر پہلوؤں پر بھی منفی اثرات ڈالتے ہیں جو کہ کسی بھی انسان کو ناکامی کیطرف دھکیل دیتے ہیں۔
ذہنی صحت کو بہتر کیسے بنایا جائے؟
ذہنی صحت کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر بنانے کے کئی مؤثر طریقے موجود ہیں۔ایک حالیہ تحقیق میں ایک ہیلتھ ایکسپرٹس کی جانب سے مندرجہ مندرجہ ذیل چند اہم نکات اخذ کیے گئے ہیں،جن پر عمل پیرا ہو کر کے آپ اپنی ذہنی صحت کو مضبوط اور بہتر بنا سکتے ہیں۔
1. مثبت سوچیں
مثبت سوچ اور رویے کو اپنا کر آپ اپنے دماغ کو پرسکون اور پر امید رکھ سکتے ہیں۔زندگی کے مشکل حالات میں بھی روشن پہلو تلاش کرنے کی عادت ڈالیں اور ناامیدی کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں۔زندگی میں کوئی بھی مشکل یا آزمائش کا سامنا کرنا پڑے تو اپنے اندر مثبت انرجی پیدا کریں اور اچھا سوچیں،جس سے ناصرف ہمت ملے گی بلکہ آپ اس مسئلے سے بھی نکل جائیں گے۔مثبت سوچ انسانی جسم اور ذہنی صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔
2. شکرگزاری کی عادت اپنائیں
شکرگزاری کی عادت نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتی ہے بلکہ آپ کو زندگی کے چھوٹے چھوٹے لمحات میں خوشی محسوس کرنے میں مدد دیتی ہے۔ روزانہ اپنے دن کی چند مثبت چیزوں پر غور کریں اور ان کیلئے شکر ادا کریں۔جو آپ کے پاس ہے اس پر خوش رہیں اور اور اللہ کا شکر ادا کرتے رہیں کہ اس نے آپ کو ان چیزوں سے نواز دیا۔
3. جسمانی صحت کا خیال رکھیں
ذہنی اور جسمانی صحت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں،ان کا آپس میں بہت گہرا اثر ہوتا ہے۔ایک کی خراب حالت دوسری پر برے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور مناسب نیند نہ صرف جسمانی تندرستی کیلئے ضروری ہیں بلکہ یہ ذہنی سکون اور توانائی بھی فراہم کرتے ہیں۔
4. دوسروں کے ساتھ تعلقات استوار کریں
تنہائی ذہنی دباؤ کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے،یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ جو تنہائی پسند ہوتے ہیں وہ اکثر کسی نہ کسی پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں،ان پر ذہنی دباؤ رہتا ہے۔ اس سے بچنے کیلئے اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزاریں،اپنی خوشیاں اور مشکلات ان کے ساتھ شیئر کریں۔دوسروں سے جڑنے سے آپ کو احساس ہوگا کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔
5. زندگی میں مقصد اپنائیں
زندگی کا مقصد اور معنویت ہماری زندگی کو ایک مخصوص سمت فراہم کرتے ہیں۔اپنے مقاصد کی وضاحت کریں،اپنے شوق اور دلچسپیوں کو پہچانیں اور ان پر عمل کریں۔ یہ آپ کو اپنی زندگی کے بارے میں اطمینان اور مقصد کا احساس دلائے گا۔
6. مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں
زندگی کے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے اپنے اندر مضبوط مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔مشکل حالات میں صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ہر ناکامی سے سبق سیکھنے کی کوشش کریں۔ یہ آپ کو مستقبل کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔
7. مراقبہ (Meditation) کی عادت ڈالیں
مراقبہ ذہنی سکون کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔روزانہ چند منٹ کیلئے مراقبہ کریں تاکہ آپ کی ذہنی صحت کو تقویت ملے۔ مراقبہ آپ کو اپنے خیالات کو کنٹرول کرنے اور منفی جذبات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ذہنی صحت کے فوائد
اچھی ذہنی صحت کے بے شمار فوائد ہیں۔یہ آپ کو خوشگوار زندگی گزارنے،تناؤ سے نمٹنے،خود اعتمادی بڑھانے اور صحت مند تعلقات استوار کرنے میں مدد کرتی ہے۔جب آپ ذہنی طور پر صحت مند ہوتے ہیں تو آپ مشکل حالات میں بھی بہتر فیصلے کر سکتے ہیں اور زندگی کے اتار چڑھاؤ کا سامنا زیادہ بہادری سے کر سکتے ہیں۔
ذہنی صحت کو نظر انداز کرنا صحت کے دیگر پہلوؤں کی طرح نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے اپنی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو معمول بنائیں اور اوپر دی گئی تجاویز کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کریں۔ یاد رکھیں،ذہنی صحت کی بہتری کوئی ایک دن کی تبدیلی نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے،جو آپ کو ایک بہتر اور خوشحال زندگی کی جانب لے جاتا ہے۔