ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ پھل اور سبزیوں کا زیادہ استعمال اور روزانہ ورزش کو اپنا معمول بنا لیں تو آپ جوان نظر آئیں گے اور عمر میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
قارئین آج ہم آپ سے کچھ ایسے پھل متعارف کرائیں گے،جو آپ کی صحت کیلئے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں۔
پپیتا
پپیتا ایک ایسا پھل ہے جو جسم کو مائیکرو نیوٹرینٹ اور اینٹی آکسیڈینٹ وافر مقدار میں پہنچاتا ہے،عمر کو بڑھاتا ہے اور یہ جسم میں موجود نقصان پہنچانے والے آزاد ریڈیکلز کے خاتمے کا سبب بھی بنتا ہے۔
اس کے علاوہ پپیتا منرلز، وٹامنز اور کلیشیئم سمیت بہت سے دیگر غذائی اجزا سے بھرا ہوتا ہے،جو جلد پر ہونے والی چھائیوں اور جھریوں کو ختم کرکے جلد کو صحت مند بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
انار
انار جتنا خوبصورت نظر آتا ہے، اس کا ذائقہ بھی اتنا ہی مزیدار ہوتا ہے،جریدے نیچر میڈیسن میں چھپنے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ انار کھانے والے افراد کی جلد جوان رہتی ہے اور جلد پر جھریاں بھی نہیں پڑتیں۔
کیلا
کیلے کے بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ یہ فائبر کا خزانہ ہے،جس میں وٹامن اے، بی اور ای بھاری مقدار میں موجود ہوتے ہیں،کیلا بڑھتی عمر کے آثار کو کم کرکے جوان رہنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔
کینو
کینو کی افادیت سے تو سب ہی واقف ہیں جو اینٹی آکسیڈینٹ اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے،وٹامن سی جلد کو خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور جلد کو چمکدار بناتا ہے۔
تربوز
تربوز میں 92 فیصد پانی ہوتا ہے،جو جسم میں پانی کی قلت کو پورا کرتا ہے اور جلد کو خشک ہونے سے بچاتا ہے،علاوہ ازیں یہ دھوپ سے متاثر ہونے والی جلد کی حفاظت میں بھی مدد کرتا ہے،کیونکہ اس میں وٹامن اے، ای اور سی موجود ہوتا ہے۔